کے اے ایس بی بینک کے کھاتے داروں نے بینک اسلامی میں لین دین شروع کردیا

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ کالعدم کے اے ایس بی بینک کا بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ میں کامیابی سے انضمام کے بعد سابق کے اے ایس بی بینک کے کھاتیداروں نے بینک اسلامی میں لین دین شروع کردیا ہے۔ تمام کھاتے دار جن کی تعداد 150000 سے زائد ہے اور جن کے 57ارب روپے کے ڈپازٹس ہیں اب اپنے کھاتے استعمال کرسکتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر نے اپنے کھاتے استعمال کرنا شروع بھی کردیے ہیں اور 1200سے زائد ملازمین کی ملازمتیں بھی برقرار ہیں۔کالعدم بینک کی تمام برانچیں جو اب بینک اسلامی کے حوالے کی جاچکی ہیں، جمعہ کو کاروبار کے لیے کھلی رہیں جبکہ اہم کاروباری مراکز پر قائم برانچیں ہفتے کو بھی کھلیں۔ کھاتہ داروں نے اپنی سہولت کے مطابق اپنے کھاتے استعمال کیے ، اب تک کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور اگر کوئی شکایت ہے تو کھاتہ دار اپنی برانچ یا بینک اسلامی کے کال سینٹر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ایک روایتی بینک کے اسلامی بینک میں انضمام کے بارے میں بعض خدشات کے حوالے سے یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ یہ عمل شریعت سے ہم آہنگ ہے۔ بینک اسلامی نے کالعدم بینک کے روایتی بینکاری آپریشنز کو شریعت پر مبنی آپریشنز میں بتدریج منتقل کرنے کے لیے منصوبہ تشکیل دیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید وضاحت کے لیے بینک کے کھاتے دار بینک کی انتظامیہ سے رجوع کرسکتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email