2014میں میزان بینک کو4.57ارب روپے کا خالص منافع

کراچی(بزنس رپورٹر) شاندار کارکردگی ،میزان نے لیڈنگ اسلامی بینک ہونے کا اعزاز برقرار رکھا میزان بینک لمیٹڈ نے 31دسمبر 2014 کوختم ہونے والے سال میں 4.57 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کا اعلان کیا ہے جومالی سال2013 میں 3.957ارب روپے تھا۔اس بات کا اعلان بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد کیا گیاجس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے کی۔میٹنگ میں بورڈ کے وائس چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس نے بھی شرکت کی۔بینک نے ہر شعبے میں نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیڈنگ اسلامی بینک ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ میٹنگ میں بینک کے حصص یافتگان کیلئے 12.5فیصدکیش ڈیویڈنڈ دینے کابھی اعلان کیاگیا،اس طرح 2014 میں پہلے دیے گئے 15فیصد کیش ڈیویڈنڈ کے ساتھ بینک نے اپنے حصص یافتگان کو 27.5فیصد ریٹرن دیا ہے۔ بینک نے اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ ہونے کے بعد حصص یافتگان کیلئے ڈیویڈنڈدینے کا سلسلہ جاری رکھاہے۔31دسمبر 2014 کو ختم ہونے والے مالی سال میں میزان بینک کی فی شیئر آمدنی گزشتہ مالی سال کے 3.95روپے کے مقابلے میں 4.56 روپے رہی۔بینک کا فنانسنگ پورٹ فولیو بھی 38فیصد اضافے کے ساتھ 176ارب روپے ہوگیاہے۔2014 میں میزان بینک کے ڈپازٹس میں31فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا جو بڑھ کر 380ارب روپے ہوگئے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email