کے اے ایس بی بینک کو بینک اسلامی میں ضم کردیا گیا

بینک پرنافذالتوائے قرض اٹھا لیا گیا ،کھاتے دار اب بینک اسلامی کے کھاتے دار ہیں ،سابقہ بینک کے کھاتے استعمال کرسکتے ہیں۔ کھاتے داروں کے شکر گزار ہے کہ انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا ، ملک کے بینکاری نظام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ،اسٹیٹ بینک۔ کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق وفاقی حکومت نے کے اے ایس بی بینک لمیٹڈ(KASB) کے انضمام کی اسکیم منظور کرلی ہے۔ انضمام کی اسکیم کے تحت کے اے ایس بی بینک لمیٹڈ کو بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈمیں ضم کردیا گیا ہے ، چنانچہ سابقہ کے اے ایس بی بینک لمیٹڈ پر نافذالتوائے قرض (moratorium)فوری طور پر اٹھا لیا گیا ہے۔ سابقہ کے اے ایس بی بینک لمیٹڈ کے کھاتے دار اب بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈکے کھاتہ دار ہیں اور سابقہ کے اے ایس بی بینک لمیٹڈ کی متعلقہ برانچوں میں اپنے کھاتے اپنی سہولت کے مطابق استعمال کرسکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک سابقہ کے اے ایس بی بینک لمیٹڈ کے کھاتے داروں کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے التوائے قرض کے دوران تحمل کا مظاہرہ کیا اور اسٹیٹ بینک پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مرکزی بینک اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ کھاتہ داروں کے مفادات کا تحفظ کرتا رہے گا اور ملک کے بینکاری نظام کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email