کراچی سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی ، انڈیکس میں 1023 پوائنٹس کی کمی

کراچی (بزنس رپورٹر)آئندہ بجٹ میں کیپیٹل گین ٹیکس میں ڈھائی فیصد اضافے کی اطلاعات،کھاد کمپنیوں کو گیس فراہمی کی معطلی اور سیاسی صورتحال کے باعث کراچی سٹاک مارکیٹ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کریش کرگئی،کے ایس ای100انڈیکس میں1023پوائنٹس کی زبردست کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انڈیکس33530پوائنٹس سے گھٹ کر32506پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔شدید مندی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں 191ارب سے زائد روپے کی کمی ہوئی جس سے مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 73کھرب روپے کی سطح سے کم ہوکر71کھرب روپے کی سطح پرآگیا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں کام کا آغاز منفی ہوا، ایس ای سی پی کی جانب سے کمیٹی کے قیام کی افواہوں پر سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیاجبکہ ملک میں جاری سیاسی بے چینی اور آئندہ بجٹ میں کیپیٹل گین ٹیکس میں ڈھائی فیصد اضافے کی اطلاعات کے باعث مارکیٹ مندی سے دوچار رہی۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 10بالائی حدوں کو کھو بیٹھا اور32500پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا جو کہ چند ماہ کے دوران مارکیٹ میں سب سے بڑی مندی بتائی جاتی ہے۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس میں1023.94پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email