محنت کشوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائینگے،اسٹیٹ بینک

کراچی(بزنس رپورٹر)ڈیمو کریٹک ورکرز یونین (سی بی اے ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بی ایس سی کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب لاہور آفس میں منعقد ہو ئی جس کی صدارت اشرف محمود وتھرا گونر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کی۔ اس موقع پر گورنر نے نو منتخب سی بی اے کے عہدیداران سے حلف لیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے باعث فخر بات ہے کہ میں حلف برداری کی ایک عظیم الشان تقریب کی صدارت کر رہا ہوں جس طرح ہمارے ادارے کی ٹریڈ یونین لیا قت علی ساہی کی قیادت میں لیبر قوانین کی روشنی میں مثبت سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کی واضح مثال حال ہی میں ملکی سطح پر پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کی ٹریڈ یونین کی سرگرمیوں کا جائزہ ہے جس میں پبلک سیکٹر میں ہمارے ادارے کی ٹریڈ یونین اور پرائیویٹ سیکٹر میں لیور برادر کی ٹریڈ یونین کی کارکردگی سب سے بہتر رہی ،یہ ہمارے ادارے کیلئے انتہائی خوشی کی بات ہے۔ جہاں تک ملازمین کے مسائل کی بات ہے تو ہم ان کو لیبر قوانین کی روشنی میں ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ادارے میں ایک اچھی مثال قائم کریں گے ،امید کرتا ہوں کہ لاہور آفس کی طرح دیگر دفاتر میں بھی سی بی اے یونین کی طرف سے اس طرح کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ قبل ازیں اسٹیٹ بینک کی سی بی اے یونین کے مرکزی رہنما لیا قت علی ساہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مرکزی بینک کے گورنر کی طرف سے یہ اعتراف ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ملکی سطح پر اسٹیٹ بینک کی سی بی اے یونین کی کارکردگی اول درجے پر ہے۔اس میں یقیناً ادارے کے تمام ملازمین کی کاوشیں شامل ہیں ،ادارے کے ملازمین ہمیں منتخب کرکے کارکنان کی ترجمانی کا حق دیتے ہیں۔حلف برداری کی تقریب میں سینئر انتظامیہ اور بہت بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کرکے گورنر کا تاریخ استقبال کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email