ایچ بی ایل نے 2014کے مالیاتی نتائج کااعلان کردیا

کراچی (دنیا بزنس ڈیسک)حبیب بینک لمیٹڈ نے سال 2014 کے مالیاتی نتائج کااعلان کردیا جس میں بینک کو 31.8 ارب روپے بعد ازٹیکس منافع ہوا جو سال 2013 سے 38فیصد زیادہ ہے۔ایچ بی ایل کے جاری بیان کے مطابق گزشتہ سال کے دوران بینک کی فی حصص آمدنی 15.59سے بڑھ کر 21.63 پر آگئی، قبل ازٹیکس منافع 34فیصد کے ٹھوس اضافے سے 48.5 ارب روپے پر پہنچ گیا۔ اس شاندار کاکردگی کی وجہ مجموعی آمدنی میں 25 فیصد اضافہ موثر کارکردگی اور غیر فعال قرضوں کا نہ بڑھنا ہے۔ نیٹ انٹرسٹ انکم 25 فیصد اضافے سے 69.1 ارب روپے رہی جس کے باعث اوسط بیلنس شیٹ میں 9 فیصد بہتری آئی جبکہ ملکی کرنٹ اکاو¿نٹس 25 فیصد کے شاندار اضافے سے تقریباً 80 ارب روپے ہوگئے۔ مجموعی ڈپازٹس بڑھ کر 1.5 کھرب روپے ہوگئے جبکہ مجموعی بیلنس شیٹ میں 1.9 کھرب کا ریکارڈ اضافہ ہوا ، اس کے علاوہ تمام شعبوں میں بینک نے نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 1592 اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کی بدولت بینک اس شعبے میں سرفہرست ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ ڈیبٹ کارڈز ایچ بی ایل نے ہی جاری کیے ہیں۔ ایچ بی ایل سماجی منتقلی کے باعث جی ٹو پی ادائیگیوں کیلئے مرکزی اداروں میں سے ایک ہے ، ان غیر معمولی نتائج کے تناظر میں بورڈ نے فی شیئر ساڑھے 5روپے ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث اس سال کل کیش ڈیویڈنڈ 12 روپے فی شیئر دیا گیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email